کے پی کے میں بارشوں اور سیلابی ریلوں نے تباہی مچادی

پشاور(مانیٹرنگ ڈسک) خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث 8 افراد ہلاک اور درجنوں گھروں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ سوات میں آمد و رفت کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے. صوبے کے مختلف علاقوں بالخصوص وادی سوات اور ملحقہ شانگلہ ضلع میں شدید بارشوں نے تباہی مچا دی ہے قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے ”پی ڈی ایم اے“کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران شدید بارش کے دوران مختلف واقعات میں8 اموات ہوئیں اور 20 سے زائدافراد زخمی ہوئے ہیں.
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ سیلابی ریلوں کے باعث 46 گھروں کو جزوی جب کہ چار گھر مکمل تباہ ہو گئے ہیں صوبے میں دریاﺅں کے قریب رہنے والے افراد کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سوات میں چکدرہ کے مقام پر پانی کا بہاﺅ 55085 کیوسک ہے اسی طرح منڈا کے مقام پر 95300، خوازخیلہ میں 33000 اور دریائے پانچکوڑہ میں پانی کا بہاﺅ 24263 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے.خیبرپختونخوا میں بارش کے دوران حادثات میں مرنے والوں میں چار کا تعلق ضلع مانسہرہ سے بتایا جاتا ہے جہاں ایک کچا مکان گرنے سے ایک ہی خاندان کے چار افراد ہلاک ہوئے. گزشتہ ایک ہفتے کے دوران خیبر پختونخوا میں بارشوں کے باعث مختلف حادثات و واقعات میں30سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں سے 15 کا تعلق وزیر اعلیٰ محمود خان کے آبائی ضلع سوات سے ہے ضلع سوات کے علاقے مدین کے نواحی گاﺅں شاہ گرام میں ایک ہفتے کے دوران اب تک 45 مکانات دریائے سوات میں طغیانی کے نتیجے میں دریا برد ہو چکے ہیں.خیبر پختونخوا میں بارشوں اور سیلاب کے بعد پیدا ہونے والی صورتِ حال پر سیاسی راہنماﺅں نے تشویش کا اظہار کیا ہے عوامی نیشنل پارٹی سے تعلق رکھنے والے رہنما میاں افتخار حسین نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ افسوس کا مقام ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں حکومت غائب ہے اور میڈیا خاموش ہے. محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مالم جبہ میں سب سے زیادہ 176 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جب کہ پٹن میں 101، ڈی آئی خان میں 78، کالام میں 76، دیربالا میں 52 اور لوئر میں 62 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے.محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے کے دوران دیر، سوات، مالاکنڈ، بونیر، شانگلہ، کوہستان، ہری پور، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، چارسدہ، صوابی، مردان، نوشہرہ، اورکزئی، ہنگو، کوہاٹ، بنوں، وزیرستان، ڈی آئی خان اور کرم میں تیز ہواﺅں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے.

Advertisements
Sponsored by Rehman Medical Center

اپنا تبصرہ بھیجیں