عاشورہ محرم الحرام ،صوبے میں امن وامان کی صورتحال یقینی بنانے ،عوام کی جان ومال کے تحفظ کیلئے بہترین حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں،آئی جی خیبرپختونخوا

کوہاٹ(مانیٹرنگ ڈسک) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی نے کہا ہے کہ پورے صوبے میں عاشورہ محرم الحرام کے دوران امن وامان کی صورتحال یقینی بنانے اور عوام کی جان ومال کے تحفظ کیلئے بہترین حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔صوبے میں امن وامان کی مجموعی صورتحال پر گہری نظر ہے اور اولین ترجیح ہے کہ صوبے میں بسنے والے تمام مسالک کے پیروکاروںکے مابین مذہبی ہم آہنگی اور باہمی رواداری کی فضاء قائم رہے اور اتحاد بین المسلمین کے مطلوبہ اہداف حاصل کئے جاسکیں۔آئی جی پی نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عاشورہ محرم الحرام کے پرامن انعقاد کیلئے صوبہ بھر میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں ۔پولیس کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار اور پوری طرح چوکس ہے۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کے لحاظ سے حساس قرار دئیے جانیوالے اضلاع میں اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے اور سیکیورٹی امور میں پولیس کو پاک فوج اور قانون نافذ کرنیوالے تمام اداروں کا بھر پور تعاون بھی حاصل ہے انہوں نے محرم الحرام اور انسداد کورونا اقدامات میں علمائے کرام کے کردار کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ نے نامساعد حالات میں ہمیشہ سے کلیدی کردار ادا کیا ہے جو کہ لائق تحسین اور قابل تقلید ہے۔آئی جی پی نے کہا کہ قبائلی اضلاع سمیت صوبے بھر کی پولیس دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کیساتھ ملکرعاشورہ محرم کے موقع پر قیام امن کیلئے بھر پور کوششیں کررہی ہے ۔انہوں نے کوہاٹ میں عاشورہ محرم الحرام کی سیکیورٹی کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پولیس افسران کی کوششوں کو زبردست الفاظ میں سراہا۔

Advertisements
Sponsored by Islamia School and College

اپنا تبصرہ بھیجیں