خیبر پختونخوا میں کورونا نے سیاحت کی رونقیں ختم کر دیں

سوات: خیبر پختونخواہ میں کورونا نے سیاحت کی رونقیں ختم کر دیں جب کہ سیاحتی صنعت سے وابستہ افراد شدید مشکلات سے دوچار ہو گئے۔
ضلع سوات میں سیاحوں کی ایک بڑی تعداد رمضان کا مہینہ گزارنے کے لیے کرائے کے مکانات میں رہائش اختیار کرتے تھے اور چاند رات کو یہ تمام سیاح اپنے علاقوں کو واپس لوٹ جاتے تھے اور پھر عید کے دن سوات دوبارہ سیاحوں سے بھر جاتا تھا تاہم کورونا وائرس کے باعث اب ضلع سوات میں سیاحتی مقامات ویران اور ہوٹلز خالی پڑے ہیں۔ سوات کا سیاحتی مقام مالم جبہ جہاں پہلے صرف گرمیوں میں سیاح آتے تھے اب وہاں سال کے بارہ مہینے سیاحت عروج پر رہتی ہیں۔
مالم جبہ کے ایک مقامی رہائشی وزیر رحمان نے ٹریبیون کو بتایا کہ کورونا کی وجہ سے علاقے کے ترقی کا پہیہ رک گیا ہے اور اس صنعت سے وابسطہ لوگ گھروں میں بیٹھ گئے ہیں۔سوات میں ہوٹل ایسوسی ایشن کے عہدہ داران نے ٹریبیون کو بتایا کہ یہاں پر قائم ہوٹلز کے نرخ مری اور ملک کے دیگر سیاحتی مقامات سے پچاس فیصد کم ہیں کورونا وبا نے سوات کی مسکراہٹ ایک بار پھر چھین لی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں